ابنا: صدر نے پاکستان چین دوستی کے لئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ڈائی بینگو کو ”ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا“ چینی نائب وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اہم ملاقات بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق چینی رہنما کو ”ہلال پاکستان“ دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم یوسف گیلانی، فاروق نائیک، فہمیدہ مرزا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔
دونوں رہنماﺅں میں ملاقات کے دوران پاکستان چین تعلقات سٹریٹجک شراکت داری اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم نے صدر آصف زرداری کو خصوصی پیغام پہنچایا اور ان کو صحت یابی پر مبارکباد دی۔ صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہونگے۔
صدر نے زور دیا کہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ صدر زرداری نے کہاکہ علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان اور چین کا مشترکہ مﺅقف دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا مظہر ہے۔ ڈائی بینگو نے صدر آصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ چین پاکستان کیساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھے گا اور ہر مشکل وقت میں مکمل ساتھ دینگے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرنا ہوں گی، نیٹو حملہ میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے سرکاری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ مہمند ایجنسی میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔ چینی نائب وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط کرنے اور دفاعی پیداوار کے مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سرٹیجک پارٹنر شپ کو زیادہ وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے عسکری قیادت کو یقین دلایا ہے کہ چین پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اس کا ساتھ دے گا۔ چینی نائب وزیر اعظم نے عسکری وفد کے ساتھ چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں سے بھی ملاقات کی۔ صدر آصف زرداری نے چینی نائب وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی نے عشائیہ میں شرکت نہیں کی۔
جنرل خالد شمیم ائر اور نیول چیفس عشائیہ میں شریک تھے۔ خبرنگار خصوصی کے مطابق رحمن ملک سے چین کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل اور پاکستان میں چین کے سابق سفیر لوژوائی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔.......
/169